کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے تلاش کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کراچی میں ہوا جس میں طے کیا گیا کہ وائس چانسلر کی اسامی کا اشتہار اتوار 10 دسمبر کو قومی اخبارات میں جاری کردیا جائے گا اور امیدوار کو درخواست دینے کے لیے 3ہفتہ کی مہلت دی جائے گی جبکہ عمر کی حد 65برس اور 15تحقیقی پرچے لازم ہوں گے۔ تجربہ 20برس ہوگا ۔ اجلاس میں اردو یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی تنخواہ کے معاملے پر غور ہو ا اوربتایا گیا کہ لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی 32 لاکھ، آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی 27 لاکھ،داؤد یونیورسٹی کی خاتون وی سی کی 15لاکھ روپے تنخواہ ہے جب کہ اردو یونیورسٹی کے کینڈین نزاد پاکستانی وی سی کی تنخواہ 12 لاکھ روپے تھی تاہم اب اردو یونیورسٹی کے وی سی کی تنخواہ ٹینور ٹریک کے پروفیسر کے برابر ہوگی اجلاس میں چیئرمین ایچ ای سی نے اردو یونیورسٹی کےوی سی اور دیگر دفاتر کوکراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے پر زور دیا تاہم اراکین نے اس کیمخالفت کی۔ تلاش کمیٹی کے ایک رکن نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کی کراچی سے منتقلی کراچی کے ساتھ ناانصافی ہوگی پہلے ہی کراچی سے کئی دفاتر باہر منقل کیے جاچکے ہیں۔یاد رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے سابق مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطا 2 ماہ تک عہدے پر کام کرنے کے بعد جولائی 2022ء میں اس لیے مستعفی ہوگئے تھے کہ وہ کینیڈا سے یونیورسٹی چلانا چاہتے تھے، جس کی انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ اس سے قبل سابق وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین عدالتی احکامات پر جولائی 2019ء میں ہٹا دیے گئے تھے اور مجموعی طور پر یونیورسٹی تب ہی سے ایڈہاک ازم پر چل رہی ہے۔ اجلاس و کنوینر سرچ کمیٹی و چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کی زیرِ صدارت ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی میں منعقد ہوا۔ سرچ کمیٹی کے دیگر اراکین پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل ، شاہد شفیق ، پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی،ڈاکٹر سید اخلاق حسین اور شیخ کاشف رفعت نے اجلاس میں شرکت کی ۔قائم مقام رجسٹرار، وفاقی اردو یونیورسٹی ،محمد صدیق نے سیکریٹری سرچ کمیٹی کے فرائض انجام دیے۔