اسٹار کڈز کی ڈیبیو فلم ’دی آرچیز‘ کے رنگا رنگ پریمیئر کے دوران بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ و مایہ ناز اداکارہ جیا بچن میڈیا نمائندوں پر برس پڑیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں سینیئر اداکارہ جیا بچن کو ٹینا امبانی کے ہمراہ پوز دیتے اور ہاتھ کے اشارے سے دھیمی آواز کی درخواست کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلم کے پریمیئر سے وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں پاپارازی فوٹو گرافرز کو مسلسل سینیئر اداکارہ کا نام لیتے، انہیں مخاطب کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، جس پر اداکارہ انہیں پہلے تو ہاتھ کے اشارے سے دھیمی آواز کی درخواست کرتی ہیں۔
تاہم جب فوٹو جرنلسٹز ان کی درخواست پر کان نہیں دھرتے تو وہ ان پر برہمی کا اظہار کرتی ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیا بچن شدید غصے میں صحافیوں سے کہتی ہیں کہ ’چلاوْ مت‘۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں صارفین تبصرہ کرتے ہوئے جیا بچن کے رویے پر ملے جلے تاثرات دے رہے ہیں کوئی ان کی حمایت کر رہا ہے تو کوئی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جیا بچن نے میڈیا پر غصہ کیا ہو، اس سے پہلے بھی وہ کئی بار مختلف تقریبات کے دوران میڈیا نمائندوں کو ڈانٹ چکی ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ممبئی میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، امیتابھ بچن کے نواسے اگستیا نندا اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور بونی کپور کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور کی ڈیبیو فلم دی آرچیز کا شاندار پریمیئر منعقد ہوا جس میں بالی ووڈ کے نامور اور بڑے ستاروں نے شرکت کی۔
اس یادگار تقریب میں جہاں خوشی کپور نے اپنی آنجہانی والدہ کو ٹریبیوٹ پیش کرتے ہوئے انہی کا لباس زیب تن کیا وہیں سہانا خان نے بھی اپنے والد شاہ رخ خان کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے سرخ گاؤن کا انتخاب کیا۔