• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک کشمیر کے روح رواں برطانوی کشمیری ہیں، تحسین گیلانی

گریٹر مانچسٹر / بولٹن (ابرار حسین) جموں کشمیر لبرشن فرنٹ کا کنونشن زونل صدر سید تحسین گیلانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی برطانوی دانشور اور مایہ ناز تجزیہ نگار شمس الرحمن تھے۔ کنونشن میں قائدین کے علاوہ مانچسٹر اور اولڈہم برانچ کے ممبران اور عوام نے بھرپور شرکت کی ۔کنونشن کا آغاز حافظ مدثر کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اورنظامت کے فرائض زونل جنرل سیکرٹری شکیل جرال نے ادا کئے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے زونل صدر سید تحسین گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک کے اصل روح رواں برطانوی کشمیری ہیں جنہوں نے ہر آزمائش میں مادروطن کی آزادی کی تحریک میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے یہ تحریک آزادی شروع کی تھی اور اپنی قیادت تک قربان کر کے آزادی کی شمع کو روشن رکھا اور آج بھی جموں کشمیر کے لوگوں کی واحد امید جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ہے ۔انھوں نے کہا کہ آج جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اپنے ہم وطنوں کے بہتر ، باوقار خوشحال مستقبل اور آزاد اور خودمختار وطن کیلئے بھارت کے تہاڑ جیل میں جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں جیل کاٹ رہے ہیں۔ تحسین گیلانی نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کی تمام برانچوں اور ممبران کو زور دے کر ہدایت جاری کی کہ اپنے اسیر چیئرمین قائد انقلاب یاسین ملک کی رہائی کیلئے ہر سطع پر برطانوی کشمیری کمیونٹی کے ساتھ رابطے قائم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے اور ساتھ ہی ساتھ کشمیر دوست افراد ، اداروں اور اپنے ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور میڈیا سے بھی بذریعہ خطوط، ای میلز اور میٹنگز رابطوں کو یقینی بنایا جائے۔انھوں نے کارکنان اور قیادت کو اپنی آئینی زمہ داریاں تن دہی سے ادا کرنے کا کہا تاکہ اس عظیم جدوجہد کے ذریعے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک باوقار اور خودمختار ملک دے سکیں ۔انھوں نے مذید کہا کہ نہ یاسین ملک جھکے گا، نہ بکے گا اور نہ ہی رکے گا اور نہ اس کی پارٹی اور نہ پارٹی کے ممبران منزل کے حصول تک اس عظیم جدو جہد کو ترک کریں گے ۔ ہم مکمل آزادی کے حصول تک پرامن سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔تحسین گیلانی نے کہا کہ لبریشن فرنٹ برطانیہ آزاد کشمیر کے اندر چلنے والی عوامی تحریک اور عوام کے تمام مطالبات کو درست سمجھتے ہوئے ان کی حمایت کرتا ہے ۔ انھوں نے مظفر آباد کی حکومت کو تنبیہ کی کہ عوام کے مطالبات کو غیر مشروط تسلیم کر کے ان کو حل کیا جائے اور خطے میں بدامنی اور انتشار کو پھیلنے سے روکا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وسائل پر مقامی لوگوں کے اختیار کو تسلیم کیا جائے اور عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار اور جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔کنونشن سے معروف دانشور اور تجزیہ نگار شمس الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کو دور حاضر تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا ۔شمس الرحمن نے آزاد کشمیر کے اندر آزادی پسندوں کی جدوجہد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی عوامی حقوق کی تحریک اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ آزادی پسندوں کا پیغام عوام تک پہنچ چکا ہے اور عوام ان کے ساتھ تیزی سے جڑ رہے ہیں ۔شمس الرحمن نے آزادی کی تحریک کی کامیابی کے لیے عوام کو ساتھ جوڑنے کے لیے عوام کی بنیادی ضروریات اور روز مرہ کے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا۔کنونشن سے معروف دانشور شفقت راجہ، زونل فنانس سیکرٹری ادریس شاہد اور نئے منتخب صدر طاہر افراہیم نے بھی خطاب کیا ۔کنونش کے آخر میں سابق زونل صدر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون افضل جاتلوی کی 23ویں برسی پر ان کی تحریک آزادی اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے لیے پیش کی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر گریٹر مانچسٹر کی نو منتخب تنظیمی باڈی کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق صدر طاہر افراہیم، جنرل سیکرٹری وحید اختر، نائب صدر طاہر سلیم، آرگنائزر پرویز راج جرال، جوائنٹ سیکرٹری شاہد اختر ،پریس سیکرٹری شوکت سلیریا، فنانس سیکرٹری شیر کشمیر ،جب کہ ممبران مجلس عاملہ میں محمد اشفاق، محمد لیاقت، ظہیر اکرام، راجہ مظہر، عبدالسلام ،صحبت علی ،زوالفقار چوہدری، پروفیسر رشید، چوہدری قربان، راجہ شاہد، لالہ ارشد، یوسف رضا، ملک اعجاز اور عتیق دانش شامل ہیں۔
یورپ سے سے مزید