• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتحانہ پاکستان اسٹاک ہوم کے زیراہتمام حج پالیسی ویبینار

اسٹاک ہوم (کاشف عزیز بھٹہ ) حکومت پاکستان نے بیرون ملک آباد پاکستانیوں کیلئے حج کی منفرد اسکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت وہ پاکستان سے حج پر جاکر اپنی رقم کی بچت کے علاوہ ملک کو زرمبادلہ کی فراہمی میں معاونت کا ذریعہ بھی بن سکیں گے۔اسٹاک ہوم میں قائم سفارتحانہ پاکستان کے زیر اہتمام کمیونٹی کیلئے ایک زوم ویبینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد سمیت پاکستان سے وزارت برائے مذہبی امور و حج کے نمائندہ و اسسٹنٹ ڈائریکٹر حج عمر بٹ بھی شریک ہوئے اور اوورسیز پاکستانئیوں کیلئےمتعارف کروائی گئی حج پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے عمر بٹ کو خوش آمدید کہا اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے حج پالیسی متعارف کروانے اور تفصیلات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔عمر بٹ نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے 2023 میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے حج پالیسی متعارف کروائی تھی جسے امسال 2024 میں مزید فعال اور بہتر بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اوورسیز پاکستانی اس سے مستفید ہو سکیں ۔عمر بٹ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئےمتعارف اسکیم کے تحت50ہزار کا کوٹہ رکھا ہے۔ اس اسکیم سے مستفید ہونے والے افراد حج کے اخراجات کے ضمن میں بڑی بچت کرسکیں گے کیونکہ برطانیہ اور یورپ سے تو حج کے اخراجات 10 ہزار پاؤنڈ تک جا پہنچے ہیں، اس رقم کے صرف 20 سے 25 فیصد حصہ سے پاکستان سے جاکر حج کرنا ممکن ہوگا اور انہیں سہولتوں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہیں رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک معیاری سطح کی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس حج 11لاکھ75ہزار روپے میں ہوا تھا، ڈالر اور ریال کی قیمت بڑھنے کے باوجود حجاج سے گزشتہ برس سے بھی کم رقم وصول کی جائے گی، حج کے پانچ دن منیٰ میں قیام کے حوالے سے بھی بہت اچھی جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے بھی جو افراد ڈالر میں ادائیگی کریں گے وہ بغیر قرعہ اندازی کےحج پر جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈالرز کی شدید ضرورت ہے، اس اسکیم سے فائدہ اٹھاکر اوورسیز پاکستانی نہ صرف ملک کی خوشحالی کا سبب بنیں گے بلکہ بچت بھی کرسکیں گے، عمر بٹ کا کہنا تھا کہ روڈ ٹو مکہ اسکیم کے تحت حج پر جانے والوں کا سعودی امیگریشن کا عمل بھی پاکستان میں ہی مکمل کرلیا جاتا ہے، آئندہ حج کے موقع پر اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی یہ سہولت کراچی میں بھی دی جائےگی۔ ہماری درخواست پر لاہور کو بھی اسکیم میں شامل کرنے کیلئے سعودی عرب غور کررہاہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ حجاج کیلئے ایک ایپ متعارف کرائی جارہی ہے جس کے تحت ہم حاجی سےاور وہ ہم سے رابطہ کرسکے گا اور یہ ایپ بغیر انٹر نیٹ کے بھی چلے گی، اس کے علاوہ سعودی عرب جانے والے افراد کاواٹس ایپ کام نہیں کرتا تو حجاج کو ایک سم پیکیج بھی آفر کیاجائے گا جوکہ صرف50ریال یعنی پاکستانی روپیہ میں4ہزار روپیہ ہوگی جس کے تحت45دن تک حجاج انٹر نیٹ کی سہولت کے ساتھ لامحدود کالز کرسکیں گے۔عمر بٹ نے کہا کہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے حجاج کیلئے اس سہولت کا اوورسیز پاکستانیوں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے کیونکہ یہ پاکستان کی بھی بہت بڑی خدمت ہوگی ، ثواب کے ساتھ اوورسیزپاکستانی اپنے وطن کی اس مشکل گھڑی میں مدد بھی کرسکیں گے۔ زوم میٹنگ میں سویڈن بھر سے کمیونٹی کے نمائندہ افراد شریک ہوئے اور سوالات بھی پوچھے گئے جن کا عمر بٹ اور سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے تفصیلا جواب دیا ۔
یورپ سے سے مزید