• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ نے اسرائیل کے ’دوسرے نکبہ‘ کی سازش بے نقاب کردی

اقوام متحدہ نے اسرائیل کے ’دوسرے نکبہ‘ کی سازش بے نقاب کردی۔

 اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے کہا کہ اسرائیل نے پہلے شمالی غزہ سے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ بھیجا، اب وہاں سے مصر بھیج رہا ہے، اس کے بعد غزہ کی سر زمین فلسطینیوں کی نہیں رہے گی۔

عربی زبان کا لفظ ’نکبہ‘ وہ فلسطینی اصطلاح ہے، جو 1948 میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق انسانی المیے کو بیان کرتی ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو ہونے سے سلامتی کونسل کی ساکھ خراب ہوئی۔

امریکا نے جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے کے بعد جنگ کے شعلے مزید بھڑکانے کے لیے اسرائیل کو 14 ہزار ٹینک کے گولے فراہم کردیے۔

24 گھنٹوں میں اسرائیل نے غزہ پر 250 حملے کیے، جس میں 300 فلسطینی شہید ہوگئے، 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 18 ہزار ہوگئی۔

آج بھی اسرائیل نے جبالیہ اور خان یونس میں اسپتالوں اور ایمبولینسوں پر بمباری کی، جس میں طبی عملے کے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

دوحا کانفرنس میں روس نے ایک بار پھر اسرائیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا روسی  وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ اسرائیل پر حملے کو فلسطین کے عوام کی اجتماعی سزا کا جواز بنانا روس کو قبول نہیں ہے۔

غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آج سوئیڈن، جاپان، اسپین، مراکش اور تیونس میں بڑے مظاہرے کیے گئے، جس میں فلسطین کی حمایت میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید