• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ بھٹو ریفرنس کی سماعت بھی براہ راست نشر کرے، فیصل کنڈی

اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ سپریم کورٹ بھٹو ریفرنس کی سماعت بھی براہ راست نشر کرے،بلاول بھٹو نے بھی درخواست دی ہے کہ انہیں کیس میں پارٹی بنایا جائے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت 4اپریل 1979 کو پھانسی دی گئی تھی۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ آصف علی زرداری جب پاکستان کے صدر تھے تو انہوں نے 4 اپریل کو صدارتی ریفرنس بھیجا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا ہے اس کا ٹرائل ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سالوں سال جدوجہد کہ بعد سپریم کورٹ نے کیس لگایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ منگل کے دن شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کیس پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سنا جائے گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایپلیکیشن دی ہے کہ انہیں بھی اسے کیس میں پارٹی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ منگل کو پیپلزپارٹی اپنے وکلا کے ساتھ سپریم کورٹ میں ہونگے تا کہ دنیا کو بتایا جائے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قتل کیسے ہوا۔