بارسلونا(جواد چیمہ)بھارتی سپریم کورٹ کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے سے متعلق درخواستیں مسترد کرنے کیخلاف ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں مذمتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی نے شرکت کی اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مذمت کی۔کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نےکہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے انصاف کے تقاضوں کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق درخواستوں پر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر تے ہیں ،انہوں نے ہال میں موجود تمام پاکستانی وکشمیری کمیونٹی سے کھڑے ہو کر قرارداد مذمت پاس کرائی۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے بھارتی سپریم کورٹ کو مودی کورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بوچر آف گجرات ایک دہشت گرد ہے اور کورٹ اس کی پشت پناہی کررہی ہے ۔چوہدری پرویز اقبال لوسر نے اسپین میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کوئی بھی اٹھ کر یورپ آجاتا ہے اور حکومت پاکستان کا کرتا دھرتا بتاکر مسائل سننے شروع کردیتا ہے حالانکہ اس کے اپنے مسائل اس سے حل نہیں ہوتے ،انہوں نے کمیونٹی سے کہا کہ ایسے لوگوں سے دور رہا کریں۔ مذمتی کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا جب کہ مقررین میں کامران خان، چوہدری عبدالغفار مرہانہ،ملک محمد شریف، ڈاکٹر قمر فاروق،راشد مہر ،ظہیر احمد،پروفیسر طاہر اور دیگر شامل تھے۔