پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہی ہے ،تو دوسری جانب پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کی تیاریا ں شروع ہوگئی ہیں۔ تمام چھ ٹیموں نے اپنی 18رکنی ٹیموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تاہم ٹورنامنٹ کب شروع ہوگا اس بارے میں اعلان ہونا باقی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ نئے شیڈول کے تحت پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو لاہور جبکہ فائنل 19 مارچ 2024 کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ بیرون ملک ٹورنامنٹ منتقل کرنے کی فرنچائز نے مخالفت کی ہے اس لئے ٹورنامنٹ کراچی،لاہور،راولپنڈی اور ملتان میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئینٹی میں اپنی دھواں دار بیٹنگ سے شہرت رکھنے والے جارح مزاج بیٹر عمر اکمل، احمد شہزاد اور شرجیل خان کو کسی فرنچائز نے اپنی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا۔ احمد شہزاد جنہوں نے رواں سیزن ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ اس بار بھی پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم میں شامل نہ ہوسکے احمد شہزاد فرنچائز مالکان اور ان کے تھنک ٹینک سے ناراض ہیں۔
عمر اکمل، شرجیل خان اور نوجوان کھلاڑی حیدر علی بھی فرنچائزز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہوئے اور انہیں بھی کسی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا پی ایس ایل 9 میں سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان برقرار رہیں گےوہ واحد کپتان ہیں جو مسلسل نویں سال کپتانی کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد،عمر اکمل اور شرجیل خان بڑے نام ضرور ہیں اور ان کی کارکردگی بھی ہوگی لیکن اس بار یہ پی ایس ایل میں ہمارے پلان کا حصہ نہیں ہیں۔
کوئٹہ کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ اس بار بہت سوچ سمجھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ کوشش ہوگی کہ اچھی پلاننگ کے ساتھ ہر میچ کھیلیں۔ سرفراز احمد کی صورت میں ہمارے پاس ایک قابل کپتان موجود ہے ۔کوئٹہ نے معین خان کی جگہ شین واٹسن کو آٹھ سال بعد ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔جبکہ کراچی کنگز نے ویسٹ انڈین فل سمنز کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔وسیم اکرم نے کراچی کنگز سے علیحدگی اختیار کر لی ۔کراچی کنگز نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ شعیب ملک، جیمز ونس، تبریز شمسی، میر حمزہ کو کراچی کنگز نے برقرار رکھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹریڈ کے بعد فاسٹ بولر حسن علی کراچی کنگز میں شامل ہوئے۔
پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹ میں پاکستان کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان لاہور قلندرز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے کراچی کنگز کو خیر باد کہہ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کر لیا ہے ٹیسٹ بیٹسمین سعود شکیل نے بھی کوئٹہ کو جوائن کرلیا ہے۔ ملتان سلطانزنے پلاٹینم کٹیگری میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی ،کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ ،کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے شیرفن ردرفورڈ ،پشاور زلمی نے افغانستان کے نور احمد کو پک کرلیا ہے۔
لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راونڈ میں رسی ون ڈر ڈسن کو پک کرلیا ہے۔ پلاٹینم کیٹگری کی راؤنڈ ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جارڈن کاکس اور کراچی کنگز نے ڈینئل سیمز کا انتخاب کر لیاہے۔نسیم شاہ کے بعد ان کے بھائی حنین شاہ اور عبید شاہ بھی ایمرجنگ میں اسلام آباد کے لئے کھیلیں گے۔ نسیم شاہ نے کہا ہے کہ میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم میں منتخب کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میرے لیے نئی ٹیم ہے،امید ہے یہ اچھا سیزن ہوگا۔
میرے بھائی کرکٹ میں اپنی محنت سے آئے ہیں، میں سلیکٹر نہیں کہ اپنے بھائیوں کو اپنی ہی ٹیم میں منتخب کیا۔ پاکستان سپر لیگ کا شائقین کو شدت سے انتظار رہتا ہے اس لئے کون سا کھلاڑی کس ٹیم سے کھیلے گا یہ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔ ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں اپنی پہلی پک میں ڈیوڈ ولی کو پک کرلیا، کراچی کنگز نے کیرون پولارڈ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شیرفن ردرفورڈ اور محمد عامر ، پشاور زلمی نے افغانستان کے نوراحمد ، لاہور قلندرز نے فخر زمان کو ٹیم کا حصہ بنالیا۔
لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راؤنڈ میں رسی ون ڈر ڈسن کو پک کرلیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے جارڈن کاکس کا انتخاب کرلیا، کراچی کنگز نے ڈینئل سیمز اور محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنالیا۔راشد خان سرجری کے بعد مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں اس لئے وہ ایکشن میں نہیں ہوں گے البتہ قلندرز انہیں پی ایس ایل ٹین میں ری ٹین کرنا چاہتا ہے۔
پی ایس ایل 9 کیلئے ڈائمنڈ کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں ملتان سلطانز نے اپنی پہلی پک میں ڈیوڈ ملان کو پک کیا۔پشاور زلمی نے اپنی پہلی پک میں آصف علی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹائمل ملز ، کراچی کنگز نے نیوزی لینڈ کے ٹم سائفرٹ اور لاہور قلندرز نے صاحبزادہ فرحان کو پک کیا۔ ملتان سلطانز نے سلور کیٹیگری میں طیب طاہر ، شاہ نواز دھانی، محمد علی ، عثمان خان کو پک کیا۔
لاہور قلندرز نے سلور کیٹیگری میں محمد عمران جونیئر، احسن حفیظ بھٹی اور ڈان لورینس، کراچی کنگز نے سلور کیٹیگری میں محمد عامر خان اور انور علی، عرفات منہاس، پشاور زلمی نے عارف یعقوب ، عمیر آفریدی اور ڈین موسلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان، میتھیو فورڈ ،سلمان علی آغا اور قاسم اکرم، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل، سجاد علی جونیئر اور عثمان قادر کو منتخب کیا۔
سلام آباد یونائیٹڈ نے ایمرجنگ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کوپک کرلیا، پشاور زلمی نے محمد ذیشان، ملتان سلطان نے یاسرخان، لاہور قلندرز نے جہانداد خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عادل ناز اور کراچی کنگز نے سراج الدین کا انتخاب کیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خواجہ نافع، لاہور قلندرز نے فریدون محمود اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ کو منتخب کیا۔
کراچی کنگز نے جیمی اوورٹن اور سعد بیگ کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سہیل خان، عاقل حسین، لاہور قلندرز نے شے ہوپ ،کامران غلام ، ملتان سلطانز نے کرس جارڈن ، آفتاب ابراہیم، اسلام آباد یونائیٹڈ نے شامل حسین، ٹام کرن کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کرلیا۔پشاور زلمی نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں لونگی نگیڈی ، مہران ممتاز کو اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکااشرف نے کہا ہے کہ تمام فرنچائززپی ایس ایل کی ریڑھ کی ہڈی ہیں پی ایس ایل کامیاب بنانے کیلئےحکومت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا کلیدی کردار ہے۔
یہ دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ پی ایس ایل کا 2016 میں جو پودا لگا تھا وہ آج گھنا درخت بن گیا ہے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کےلئےنیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ہم سب مل کر پاکستان کرکٹ اور اس لیگ کےلیے کام کرتے رہیں گے۔ شائقین کرکٹ نئے سال کے آغاز پر اس ٹورنامنٹ کے شروع ہونے کا شدت سے انتظار کررہے ہیں اور امکان ہے کہ پی ایس ایل سے پاکستان کے مزید نئے اور باصلاحیت کرکٹرز کو اوپر آنے کا موقع ملے گا۔