• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع دو آر اوز کو فوری طور پر ہٹایا جائے‘ آل پارٹیز لورالائی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پارٹیز لورالائی کے رہنما مولوی فیض اللہ نے لورالائی میں دو مبینہ متنازعہ آر اوز کو فوری طور پر ہٹاکر غیرجانبدار آر اوز تعینات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،یہ بات انہوں نے پیر کو آل پارٹیز کے رہنماوں سردار سکندر حیات جوگیزئی ، سردار نصیب اللہ ، سردار اسفندیار خان ، عبدالغنی فدائی اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے لورالائی میں دو آر اوز تعینات کئے گئے ہیں ،دونوں کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے ۔ ایک آر او ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور ایک آر او کلرکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہیں ،ان کی موجودگی میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر 2023 کو آل پارٹیز لورالائی کا اجلاس ہوا جس کے بعد ضلع کے ڈی آر او ، ڈپٹی کمشنر لورالائی اور ڈویژنل الیکشن آفیسر سے ملاقات کرکے انہیں مذکورہ افسران کے بارے میں تحریری ثبوت پیش کرکے تحفظات سے آگاہ کیا ، آج صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں بھی آگاہ کیا جس پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سمری بھیج کر ان کی تعیناتی منسوخ کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل آل پارٹیز لولارائی نے احتجاج کی کال دی تھی جس کے مطابق جمعہ کو شٹرڈاؤن کرکے پورے شہر کو بند کردیا تھا جبکہ 21 دسمبر کو پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی تاہم صوبائی الیکشن کمشنر کی یقین دہانی پر ہم اپنا احتجاج موخر کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مذکورہ افسران کو فوری طور پر ہٹاکر لورالائی میں غیر جانبدار افسران کو تعینات کیا جائے بصورت دیگر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
کوئٹہ سے مزید