بیجنگ (اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں نئے وزیر دفاع کی تعیناتی کے بعد پارلیمنٹ سے 4 فوجی جرنیلوں سمیت 9 اعلٰی فوجی عہدیداروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ برطرف کیے گئے اعلٰی فوجی عہدیداروں میں فوج کے اسٹریٹیجک میزائل یونٹ سے منسلک چار جرنیل بھی شامل ہیں۔ یہ فیصلہ جمعے کی شب حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد آیا جس کا اعلان ریاستی نیوز ایجنسی ژنہوا نے کیا۔ رات دیر گئے جاری کی گئی اس خبر کے حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی گئی اور نہ ہی اعلٰی فوجی عہدیداروں کو ہٹانے کی وضاحت کی گئی۔ رواں سال اکتوبر میں چین کے وزیر دفاع لی شانگفو کو اچانک اُن کے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اُن کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی کہ وہ کہاں ہیں۔ حالیہ برطرفیوں کو فوجی اسٹیبلشمنٹ میں اعلٰی سطح پر ریسٹرکچرنگ کے ایک سلسلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق مارچ میں مقرر کیے گئے وزیر دفاع لی شانگفو اکتوبر میں باضابطہ طور پر برطرف کیے جانے سے قبل اگست میں ہی عوام کی نظروں سے غائب ہو گئے تھے۔