• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن دھرنا‘ 4 ہزار سے زائد ٹرک پھنس گئے‘ گڈز ٹرک اونرز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا ہے کہ چمن پرلت کمیٹی کے احتجاج کی وجہ سے دو ماہ سے ہمارے 4 ہزار سے زائد ٹرک چمن بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں جس سے مالکان اورعملہ شدیدمشکلات سے دو چار ہے ،صوبائی حکومت اور دیگر حکام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئےہماری گاڑیوں کو بحفاظت راستہ دلائیں تاکہ ہم اپنا کاروبار کر سکیں اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو پہیہ جام ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر حاجی ظاہر شاہ ، عبدالحق مینگل ، روزی خان مندوخیل ، سہیل خان کاکڑ ، بابو رئیسانی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ 2 ماہ سے زائد عرصے سے چمن میں پرلت کمیٹی کے شرکاء احتجاج پر بیٹھے ہیں ، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کے ہزاروں مال بردار ٹرک ، ٹرالرز ، منی مزدا پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے ہزاروں ڈرائیور اور دیگر عملہ بھی مشکلات سے دو چار ہیں ، اعلیٰ صوبائی حکام سے ملاقاتیں کرکے مسئلے کے حل کی درخواست کی لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہم نے پرلت کمیٹی کے ذمہ داروں سے بھی بات چیت کی انہوں نے بھی معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام وہ گاڑیاں ہیں جو افغانستان سرحد پار تجارتی سامان اور مہاجرین کو لے کر گئی تھیں واپسی پر مظاہرین نے ان گاڑیوں کو راستہ نہیں دیا اور وہ گاڑیاں وہاں پر پھنسی ہوئی ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گاڑیوں کو واپس آنے کا راستہ دیاجائے ، بصورت دیگر ژوب ، کوژک ٹاپ ، لک پاس ، بولان ، نوشکی سمیت دیگر مقامات پر دھرنا دے کر قومی شاہراہوں کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیں گے ، ہڑتال کا حتمی اعلان ٹرانسپورٹروں کے مشترکہ اجلاس میں طے کیا جائے گا ۔
کوئٹہ سے مزید