امریکا میں سال نو کے آغاز پر جڑواں بچوں کی پیدائش میں ایک سال کا فرق ہونے کی دو دلچسپ کہانیاں سامنے آئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک جوڑے کے ہاں امریکی ریاست کنیکٹیکٹ اور دوسرے جوڑے کے ہاں نیوجرسی میں ایسے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جن کی سالگرہ میں ایک ماہ اور ایک سال کا فرق ہے۔
ان دونوں کہانیوں میں دراصل ہوا یوں کہ ایک بچے کی پیدائش 31 دسمبر 2023ء کونئے سال کے آغاز سے چند لمحے پہلے ہوئی اور دوسرے کی پیدائش 1 جنوری 2024ء کے آغاز پر ہوئی۔
امریکی ریاست کنیکٹیکٹ کے یل نیو ہیوین اسپتال میں مائیکل اور عالیہ کیومی مورس کے ہاں 31 دسمبر 2023ء کو رات 11بجکر 59 منٹ پر پہلے بچے سیون مورس کی پیدائش ہوئی اور پھر کچھ ہی لمحوں بعد اس کی چھوٹی بہن سولی مورس کی پیدائش 1 جنوری 2024ء کو رات 12بجکر 02 منٹ پر ہوئی۔
دوسری جانب نیو جرسی میں مرچنٹ وِل سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے ایو اور بیلی کے ہاں 31 دسمبر 2023ء کو رات 11بجکر 48 منٹ پر بیٹے عذرا کی پیدائش ہوئی اور پھر اس کے چھوٹے بھائی ایزکیل کی1جنوری 2024ء کو رات 12بجکر 28 منٹ پر ہوئی۔
اس طرح ان دونوں کہانیوں میں دلچسپ بات یہ ہوئی کہ جڑواں بچوں کی پیدائش میں ایک دن، ایک ماہ اور ایک سال کا فرق آگیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہر سال ایک لاکھ سے زائد جڑواں بچوں کی پیدائش ہوتی ہے مگر جڑواں بچوں کی پیدائش کی تاریخ اور سال کے مختلف ہونے کے امکانات بہت ہی کم یعنی نہ ہونے کے برابر سامنے آتے ہیں۔