امریکی ریاست ارکنساس میں ایک ٹریفک کیمرے نے حقیقی زندگی کے اسپائیڈر مین کی بہادری سے کسی کی جان بچانے کی ویڈیو ریکارڈ کر لی۔
جونز برو شہر میں نصب ایک ٹریفک کیمرے نے ایک ایسا منظر ریکارڈ کیا جس میں اسپائیڈرمین کے لباس میں ملبوس ایک شخص نے مصروف سڑک پر ایک معذور شخص کی بروقت مدد کر کے حقیقی ہیرو ہونے کا ثبوت دیا۔
جونز برو پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہیل چیئر پر سوار ایک شخص ایک مصروف چوراہا عبور کرنے میں اسے دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
اسی دوران سرخ بتی پر رکی ہوئی ایک گاڑی سے اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ایک شخص باہر نکلا اور فوراً وہیل چیئر والے شخص کی مدد کرتے ہوئے اسے محفوظ طریقے سے سڑک پار کروا دیا۔
بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس نقاب پوش شخص کا نام کرسٹوفر ہیلنتھل ہے، جو اپنے کام کی جگہ الٹیمیٹ ایئر ٹرامپولین پارک میں سپر ہیرو ڈے کی مناسبت سے اسپائیڈرمین کا لباس پہنے ہوئے تھے۔
کرسٹوفر ہیلنتھل نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا مجھے خیال آیا کہ ٹھیک ہے میں تو اسپائیڈرمین کے لباس میں ہوں، تو یہ کام مجھے ہی کرنا چاہیے۔ پھر میں گاڑی سے باہر نکلا اور انہیں جلدی سے سڑک پار کروائی تاکہ ہم میں سے کسی کو بھی نقصان نہ پہنچے۔ سب لوگوں نے بہت تعاون کیا، کسی نے ہارن بھی نہیں بجایا۔ اس کے بعد میں واپس اپنی گاڑی میں بیٹھا اور روانہ ہو گیا۔
اس نے کہا کہ ویڈیو میں اس کی تیزی کی وجہ یہ تھی کہ جیسے ہی وہ اپنی گاڑی سے باہر نکلا، ٹریفک سگنل تبدیل ہو گیا تھا۔ کرسٹوفر ہیلنتھل کو اس وقت تک اندازہ نہیں تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔