• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: انسان کو چند منٹ میں ٹھنڈا کرنے والا ’ہیومن فریج‘ تیار

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

موسمیاتی تبدیلی، گلوبل وارمنگ اور دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی کے پیشِ نظر جاپان نے انسانوں کو فوری ٹھنڈک پہنچانے کے لیے ایک منفرد ہیومن فریج تیار کر لیا۔

یہ جدید کولنگ سسٹم جاپانی کمپنی اور صنعتی آلات بنانے والی کارپوریشن نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے، جو طاقتور ٹھنڈی ہوا کے ذریعے چند ہی منٹ میں جسم کا درجۂ حرارت کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ کولنگ یونٹ تقریباً 7 فٹ اونچا اور 3.9 فٹ چوڑا ہے، جبکہ اس کا ڈیزائن وینڈنگ مشین یا ریفریجریٹر سے مشابہت رکھتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کولنگ یونٹ میں تقریباً 10 منٹ گزارنے سے ہیٹ ایگزاسشن (شدید گرمی سے ہونے والی جسمانی تھکن) کی علامات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔

یونٹ کے اندر کا درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جاتا ہے، جبکہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی ٹھنڈی ہوا براہِ راست سر، گردن، کندھوں اور کمر پر ڈالی جاتی ہے۔

صارف کی حفاظت کے لیے یہ نظام 20 منٹ بعد خودکار طور پر بند ہو جاتا ہے تاکہ جسم ضرورت سے زیادہ ٹھنڈا نہ ہو۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا ایسا آلہ ہے جو پورے جسم کو بیک وقت ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی ایئر کنڈیشننگ کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے جسم کا درجۂ حرارت کم کرتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ آلہ توانائی کی بچت بھی کرتا ہے اور اسے چلانے کی لاگت تقریباً 16 ین فی گھنٹہ ہے، تاہم ایک یونٹ کی قیمت تقریباً 15 لاکھ جاپانی ین (تقریباً 10 ہزار امریکی ڈالرز سے زائد) رکھی گئی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید