• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری شروع کی جا چکی، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پندرہ برسوں میں محصولات کی مد میں بائیس ہزار ارب اور مختلف جرائم سے حاصل کردہ 70 ہزار ارب کی خطیر رقم سے لوگوں کے ضمیر خرید کر ایک بار پھر اس شہر کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری شروع کی جاچکی ہے،وہ ہفتے کی شب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس سے ملحقہ سڑک پر جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا واحد اثاثہ اس کے کارکنان ہیں اس شہر کے لوگوں کا مقابلہ جرائم سے کمائے گئے پیسوں سے ہے ظالم کی دولت اس شہر کے لوگوں کے حوصلے کا مقابلہ نہیں کر سکتی، 21جنوری کا تاریخ ساز جلسہ مخالفین کی نیندیں حرام کر دے گا، عام انتخابات میں پیسہ نہیں حوصلہ کامیاب ہوگا، حکومتی مشینری کو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرتا دیکھ اگر ایم کیو ایم نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگر ایک بار پھر بائیکاٹ کر دیا تو پورا کراچی بیابان کی صورت نظر آئے گا، سینئر ڈپٹی کنوینر سیّد مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ظالم اگر طاقتور ہے تو اس شہر کا ایک فیصد شہری بھی ظلم کے خلاف سڑک پر آنے کو تیار نہیں ہے ظلم کے خلاف صف آراء نہ ہونا ظالم کو اور تقویت پہنچا رہا ہے،یہاں کے مینڈیٹ کو خریدنے اور قبضہ کرنے والے یہاں کے لوگوں کے دل نہیں جیت سکے، سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم سب کو اپنے حوصلے بلند رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم نے کہا کہ ہمارے اجداد کی جد و جہد نے اس ملک بنانے کے خواب کو عملی جامہ پہنایا اور آج پاکستان کو بچانے کی جد و جہد کی جارہی ہے ملک بچانے کی کوشش میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، اِس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی، سی او سی ارکان، مُختلف ٹاؤنز اور یو سیز سے آئے ہوئے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید