اسلام آباد (ایجنسیاں)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کوئی گناہ کیا ہے تو اس کو سزا ملنی چاہئے‘ بیگناہ ہیں تو انہیں جیل میں نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے جو کیا اب بھگت رہے ہیں، سب سے پہلے انہیں توبہ کرنی چاہیے‘انہوں نے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے ،وہ اپنی غلطی کی وجہ سے جیل میں ہیں‘اسٹیبلشمنٹ کا کردار سیاست میں پہلے سے زیادہ نہیں بڑھا۔پیرکو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کا جس طرح فیصلہ کرایا گیا، تاریخ اس کی گواہ ہے، امید ہے اس کیس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ضرور ملے گا۔یہ موقع ہے کہ اسے درست کریں۔ بلاول کا کہناتھاکہ عوام ووٹ ڈالنے کی تیاری کریں، اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پیش کرادیں الیکشن 8فروری کو ہی ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیف جسٹس نے بھی کہا تھا 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ سینیٹ کی قرارداد میں زیادہ وزن ہے یا چیف جسٹس کی بات میں؟ ۔