بیجنگ (اے ایف پی) سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے گزشتہ روز بتایا کہ چین نے کامیابی کے ساتھ ایک سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا۔بیجنگ کے وقت کے مطابق دن 3بج کر 3منٹ پرچین نے کامیابی سے آئن اسٹائن پروب سیٹلائٹ لانچ کیا۔سیٹلائٹ کےلانچ نے تائیوان میں تشویش کو جنم دیا، جہاں حکام نے ہنگامی فون نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا کہ براہ کرم اپنی حفاظت سے ہوشیار رہیں۔ تائیوان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ممکنہ ملبے کی وجہ سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔سرکاری میڈیا نے بتایا کہ آئن اسٹائن پروب جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں واقع زیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا، جو تائیوان کے دارالحکومت تائی پے سے تقریباً 2ہزار کلومیٹر فاصلے پر ہے۔سی سی ٹی وی نے کہا کہ اسے لانگ مارچ-2 سی کیریئر راکٹ کا استعمال کرتے ہوئے لانچ کیا گیا تھا،اور سیٹلائٹ اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے اطلاع دی کہ یہ سیٹلائٹ کائنات میں آتش بازی کی ٹمٹماہٹ جیسی خصوصیات کے پراسرار عارضی مظاہر کا مشاہدہ کرے گا ۔