• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن 2024 سیکورٹی، کراچی پولیس کو 14300 اہلکاروں کی کمی کا سامنا

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) الیکشن 2024 کے پرامن انعقاد کیلئے کراچی پولیس کو 14300 سیکورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے "جنگ" کو بتایا کہ کراچی میں انتخابات کے حوالے سے انہوں نے فول پروف سیکیورٹی انتظام کیلئےبھی پور تیاری شروع کردی ہے۔ الیکشن سیکورٹی پلان کیلئے 46076 پولیس اہلکار درکار ہیں جبکہ کراچی پولیس کے پاس 31776 دستیاب ہیں خاص طور پر کراچی کے لیڈیز پولنگ اسٹیشن کی سیکورٹی کیلئے مطلوبہ تعداد خواتین پولیس اہلکار بھی دستیاب نہیں۔ خادم حسین رند نے کراچی میں پولیس ڈپلائمنٹ کا سیکورٹی پلان اس نمائندے سے شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر حفاظتی انتظامات کیلئے کم سے کم 3200 لیڈیز اہلکار درکار ہیں جبکہ ان کے پاس 1200 لیڈیز اہلکاروں کی نفری موجود ہےکراچی کے حساس ترین پولنگ اسٹیشن پر 8، حساس پر 6 اور نارمل کیلئے 4 پولیس اہلکار درکار ہیں۔ کراچی میں 2033حساس ترین، 3008 حساس اور 308پولنگ اسٹیشن نارمل قرار دیئے گئے۔ اس حساب سے حساس ترین کیلئے 16264، حساس پر 18048 اور نارمل کیلئے 1232اہلکار درکار ہیں۔ کراچی کے 5349 پولنگ اسٹیشنز پر 35544 اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگیں گی۔ 2774عمارتوں کیلئے کیو آر ایف کے 3892 اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔ ڈی آئی جی پولیس کی نگرانی میں 4210 پولیس اہلکار ریزرو ڈیوٹی پر مقرر ہونگے۔ کراچی پولیس کے 9 ایس ایس پیز، 16 ایس پیز، 57 ڈی ایس پیز، اور 107 ایس ایچ اوز کی بھی ڈیوٹیاں کریں گے۔ کراچی کے مختلف الیکشن کمیشن دفاتر، ویلفیئر ڈیوٹیوں، اسپتالوں اور متفرق ڈیوٹیوں پر 2430اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید