• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات، شانگلہ پولیس نے چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا

شانگلہ ( نمائندہ جنگ ، مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا کی پولیس پوسٹ شیکولئی پر رات گئے ہونے والا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔سرچ آ پریشن کے دوران ڈی پی اوکی گا ڑی کےقریب دھماکا ہوا، جوابی حملے میں دہشت گرد فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نصف شب فتنہ الخوارج نے پولیس پوسٹ شیکولئی پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، شانگلہ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں شرپسندوں اور پولیس کے مابین کافی دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔پولیس کے بروقت اور فوری رسپانس سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مختلف جگہوں پر دہشت گردوں کی پسماندگی کے نشانات پائے گئے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے شانگلہ میں مقابلہ کرنے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں شاباش پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، اور پولیس دہشت گردوں کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔آئی جی پی نے حملہ پسپا کرنے والے شانگلہ پولیس کے بہادر جوانوں کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید