• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موٹاپا ذیابیطس‘ گردوں کے امراض‘ بلڈ پریشر‘ نیند کی کمی کا باعث بنتا ہے‘ ماہرین

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) موٹاپا کئی امراض کا سبب بنتا ہے لہٰذا وزن میں کمی لانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ موٹاپے سے ذیابیطس‘ ہائی بلڈ پریشر‘ نیند کی کمی‘ گردوں کی خرابی اور ڈیپریشن جیسے موذی امراض میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کیپٹل ہسپتال اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل مولا سمیت اوبیسٹی ویک کے صدر ڈاکٹر نعیم تاج اور ڈاکٹر تنویر اصغر نے بھی خطاب کیا۔ سپین کے پروفیسر انتونیو ٹوریس نے ماسٹر ٹرینر کے طور پر اس ویک میں شرکت کی۔ اوبیسٹی ویک میں لیپرو سکوپک سیوننگ پر پوسٹ گریجویٹ کورس‘ ایس اے ایس آئی ڈے‘ براہ راست سرجریز‘ گیسٹریکٹومی سیشن اور گیسٹرک بائی پاس کے حوالے سے گفتگو اور سرجریز ہوئیں ۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) انوار الحق کی ہدایات کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل مولا نے بتایا کہ اس میگا ایونٹ میں غریب اور بے سہارا لوگوں کی مفت سرجریز کی گئیں جو موٹاپے کو کنٹرول کرنے میں انتہائی اہم اور کارگر ثابت ہوئیں۔ پروفیسر انتونیوٹوریس نے کہا کہ موٹاپا ایک عالمی وباء کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف طبی اخراجات کو کنٹرول کرنا خاصا مشکل ہے بلکہ لوگوں کے معیار زندگی میں بھی نمایاں فرق آیا ہے۔ ماہرین نے لائیو سرجریوں‘ انٹرایکٹو ٹاکس اور پینل ڈسکشن کی ایک سیریز کے ذریعے نشاندہی کی کہ کس طرح موٹاپے میں کمی لا کر صحت مندانہ زندگی گزاری جا سکتی ہے۔ اوبیسٹی ویک سے لوگوں کو صحت مندانہ زندگی گزارنے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ صحتمند معاشرے کو بھی فروغ ملے گا۔
اسلام آباد سے مزید