اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے)پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں گندم کے مسئلہ پر پنجاب کے خلاف قرارداد کی منظوری باعث تشویش ہے، مسائل مخالفانہ قراردادوں سے نہیں مکالمہ سے حل ہوں گے۔ سیلاب میں بہت کچھ بہہ گیا مگر قومی یکجہتی نہیں بہنی چاہیے، گندم کا مسئلہ مفادات کی مشترکہ کونسل میں حل کیا جائے۔ عوام کی فوڈ سکیورٹی وفاق کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا حکومت کا موقف ہے مشکل وقت میں پنجاب حکومت کی گندم کی نقل و حمل پر پابندی عائد کرکے صوبہ کے کروڑوں عوام کے لئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 68فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ پنجاب حکومت کو اس الزام کا بلاتاخیر سنجیدگی سے جواب دینا چاہیے ۔