• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں فراڈیوں کا نیا طریقہ واردات، پالتو جانور اغوا کرکے تاوان کی طلبی

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں فراڈ کے ذریعے لوگوں سے رقم بٹورنے کیلئے آئے روز نت نئے طریقے سامنے آرہے ہیں۔ کہیں رومانس فراڈ ہو رہا ہے تو کہیں لاٹری جیتنے یا اچھی نوکری دینے کے بہانے لوگوں کی جیبیں خالی کرالی جاتی ہیں لیکن اب ایک نیا طریقہ واردات بھی سامنے آیا ہے جس کے تحت فراڈ کرنے والے ایسے افراد کو نشانہ بناتے ہیں جن کے پالتو جانور لاپتہ ہو جاتے ہیں اور ان کی واپسی کیلئے وہ سوشل میڈیا کاسہا را لیتے ہیں۔ فراڈ کرنے والے گمشدہ جانور کے مالک کو فون کرکے جانور کی بحفاظت واپسی کیلئے تاوان طلب کرتے ہیں، بصورت دیگر اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ گریٹر مانچسٹر کے ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ اسے اس کے کتے کی واپسی کیلئے 2000پاؤنڈ ادا کرنے کا کہا گیا اور دھمکی دی گئی کہ عدم ادائیگی پر وہ کبھی اپنے کتے کو نہیں دیکھ سکے گا۔رپورٹ کے مطابق کمبریا میں ڈیٹیکٹوز نے بتایا کہ وہ ملک بھر میں جانوروں کی واپسی کیلئے رقم طلب کرنے کے تقریباً دو سے زائد کیسز سے نمٹ رہے ہیں۔ متاثرہ افراد کے مطابق تاوان طلب کرنے والوں کا رویہ جارحانہ ہوتا ہے اور وہ مطلوبہ رقم کے حصول کیلئے بارگین کرنے کیلئے بھی تیار ہوتے ہیں۔ گزشتہ برس ایک شخص کو بلیک میلنگ کے 9واقعات اور چوری پر سزا سنائی گئی۔ ڈپٹی انسپکٹر امفیڈا سائکس نے کہا کہ گمشدہ جانور کی بازیابی کیلئے ملنے والی کالز احتیاط سے سنی جائیں، جانور کے حصول کیلئے کسی کو ساتھ لے کر جائیں اور کسی پبلک مقام پر ملیں اور اگر انعامی رقم دینی ہو تو جانور کے مل جانے تک نہ دیں۔

یورپ سے سے مزید