کوئٹہ (خ ن) نگران صوبائی وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے کہاہے کہ لورالائی یونیورسٹی کے تمام طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے جدید وسائل فراہم کیے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی مدد سے طلبہ و طالبات کو اپنی تعلیم کو بہتر بنانے میں کافی مدد ملتی ہے اس موقع پر لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اور دیگر پروفیسر بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس موقع پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت نے لورالائی یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے بڑی رقم خرچ کی ہے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے مزید ترقی کیلئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ طلباء کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے وزیر صحت نے لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان، پروفیسران اور دیگر انتظامی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی انہوں نے کہا کہ یہ تجویز حکومت بلوچستان کے لیے ایک تحفہ ہے نگران صوبائی وزیر صحت نے خطاب کے بعد طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ۔علاوہ ازیں نگران صوبائی وزیر صحت نے لورالائی یونیورسٹی میں واک ٹریک کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔