تہران (اے ایف پی) ایران کے مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب نے اتوار کو ملک کے جنوبی ساحل کے قریب ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے ، ٹینکر میں تقریباً 20 لاکھ لیٹر "اسمگل شدہ ایندھن" تھا، ایرانی کمانڈر کے مطابق جہاز کو عدالتی حکم کے مطابق قبضے میں لیا گیا، عملے کے 14ارکان گرفتار کرلئے گئے ۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے رپورٹ کیا کہ اوشیانا کے ایک ملک کے پرچم بردار غیر ملکی جہاز میں 20 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل موجود ہے۔ ایجنسی نے اسلامی انقلابی گارڈ کور کے کمانڈر حیدر ہوناریان کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کو "عدالتی حکم کے مطابق قبضے میں لیا گیا تھا۔" عملے کے چودہ ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ "دو ایشیائی ممالک" کے شہری تھے، تاہم ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کئے گئے ۔ ایران، تیل پیدا کرنے والا بڑا اور دنیا میں پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق سب سے سستا ملک ہے جس کے باعث یہاں سے اسمگلنگ کو فروغ ملتا ہے۔