• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا قبضہ کراچی پر نہیں یہاں کے لوگوں کے دلوں پر ہوگا، ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہئے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے ،ہمارا قبضہ کراچی پر نہیں یہاں کے لوگوں کے دلوں پر ہوگا، ضلع وسطی میں جو صورتحال بنی اس کی مذمت کرتے ہیں، مجرم کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو اس کو سزا ملنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور جاوید ناگوری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سنائی جانے والی سزا مکافات عمل ہے ایسے فیصلے ہماری پارٹی کے خلاف بھی آئے ہیں، فیصلہ سنانے والے جج کی بھی بانی پی ٹی آئی بہت تعریف کرتے تھے، بشری بی بی کو داد دوں گا وہ خود فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچیں، پی ٹی آئی کا کوئی رہنما نہیں پہنچا، پی ٹی آئی کے وکلا آئینی طور پر کیسز چلانے کے بجائے معاملات کو سیاسی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کو الیکشن کی اجازت ملنی چاہیے، ہم نے پی ٹی آئی سے الیکشن نشان واپس لینے والے فیصلے کی مخالفت کی۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی لسانیت کو فروغ نہیں دیا ۔پیپلز پارٹی پرامن جماعت ہے ۔ضلع وسطی میں جو واقعہ ہوا اس کی انکوائری کسی جج سے کروائی جائے، ایم کیوایم کے رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدہ لیں مزید الجھنیں پیدا نہ کریں۔

ملک بھر سے سے مزید