کوئٹہ(نمائندہ جنگ)عام انتخابات کے نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف جمعہ کو صوبائی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے مقررین نے کہا کہ پیراشوٹر کو مسلط کیا جارہا ہے‘ من پسند افراد کو ہی لانا تھا تو انتخابات کرانیکی کیا ضرورت تھی ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ، جمعیت علماءاسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام انتخابات کے نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر دھرنا دیا گیا ، اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ڈی پی عبدالخالق ہزارہ اورقادر نائل نے کہا کہ 8فرور ی کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کر کے پیراشوٹر کو عوام پر مسلط کیاجارہاہے اگر من پسند افراد کو ہی لاناہے توالیکشن کرانے کی کیاضرورت تھی گزشتہ پانچ سال عوام کی خدمت کی اب دیوار سے لگایاجارہاہے۔