ویانا(اکرم باجوہ)ادارۃ المصطفیٰ انٹرنیشنل ویانا کے سربراہ حاجی باوا سید غضنفر علی شاہ کی سربراہی وصدارت میں معجزہ معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلہ میں ایک شاندار محفل معراج النبی کا انعقاد کیا گیا۔ محفل معراج النبی میں پاکستانی کمیونٹی کے تمام مکاتب فکر کے کثیر لوگوں نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔ تلاوت قرآن کی سعادت ادارہ ھذا کے امام قاری محمد رفیق نے حاصل کی۔ ہدیہ نعت پیش کرنے والوں میں محمد قیصر، سید اظہر شاہ، ربانی خان، حاجی اکبر، احتشام شفقت اور یورپ کے معروف نعت خواں شہریار خان شامل تھے۔ نقابت کی ذمہ داری خطیب ادارہ پروفیسر راجہ اظہر عباس سیالوی نے اداکی ۔انہوں نےکہا کہ شب معراج اللہ تعالی نے اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی چشمان مبارک کی عظمتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ حد ادب سے آگے نہ بڑھی۔ اور ان کی چشمان مبارک رات کے اندھیروں میں بھی ایسے ہی دیکھتی تھیں جیسے دن کے اجالوں میں۔ اس وقت پوری کائنات کا ماضی، حال اور مستقبل نگاہ نبوت سے پوشیدہ نہ تھا۔ اس کے بعد دعوت اسلامی کے مبلغ اسپین سےآئے ہوئے قاری محمد ارشد نے معراج النبی پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب معراج کا سفر کائنات کی تاریخ کا طویل ترین سفر ہے جو مختصر ترین وقت یعنی چند ساعتوں میں مکمل ہوا۔ اختتام محفل میں ختم قرآن اورہدیہ درود و سلام کی سعادت حفیظ اللہ قادری نے حاضرین شرکاء کے ساتھ مل کر حاصل کی۔اسی محفل میں ویانا میں گزشتہ دنوں انتقال کر جانے والی خواتین زوجہ انور مغل کی زوجہ، لالہ صدیق کی والدہ، حاجی اکبر کی زوجہ اور امتیاز خان بلوچ کی زوجہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔اختتامی دعائیہ کلمات میں اداراۃالمصطفیٰ سنٹر کے خطیب پروفیسر راجہ اظہر عباس سیالوی نے حاضرین شرکاء اور استحکام پاکستان فلسطین کے لئے خصوصی دعا کرائی اور ملک کے لئے اور نیک و مخلص قیادت کے لئے رب کی بارگاہ میں التجا کی گئی۔تقریب کے آخر میں مہمانوں کی تواضع کی گئی ۔