امریکی ریاست الینائے میں ایک امریکی شہری کی ویلنٹائن ڈے کی خوشیاں اس وقت دوبالا ہوگئیں جب اسکا ایک ملین ڈالر کا انعامی لاٹری ٹکٹ نکل آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ صرف تین روز قبل ہی اسکی اپنی گرل فرینڈ سے بریک اپ (قطع تعلق) ہوا تھا۔
شکاگو ایریا سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری نے الینائے لاٹری آفیشلز کو بتایا کہ اپنی گرل فرینڈ سے قطع تعلق کے باعث وہ ویلنٹائن ڈے پر مایوسی کا شکار تھا۔
لیکن اس کے مزاج میں اس وقت تبدیلی آئی جب اس نے نارتھ لیک کے نارتھ ایونیو کے والمارٹ اسٹور سے مونوپولی 50X اسکریچ آف ٹکٹ خریدا۔
اسکا کہنا تھا کہ ٹکٹ اسکریچ کرنے پر وہ حیران رہ گیا اور مجھے یوں محسوس ہوا کہ میری زندگی تبدیل ہوگئی ہے اب مجھے کام پر نہیں جانا پڑیگا۔
اس ٹکٹ نے کئی طرح سے میری قسمت بدل دی ہے۔ تاہم اس موقع پر کوئی ایسا نہیں جس سے میں یہ خصوصی خبر شیئر کرسکوں کیونکہ تین دن قبل ہی میری اپنی گرل فرینڈ سے بریک اپ ہوا ہے۔