کراچی(ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کراچی کی مزید 8خواتین اہلکاروں نے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت حاصل کر لی، تربیت مکمل کرنے والی خواتین پولیس اہلکاروں کی تعداد 24ہو گئی ہے جبکہ6اہلکار زیر تربیت ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس وقت14لیڈی کانسٹیبل آن روڈ ہیں جو 150سی سی موٹر سائیکل پر شاہراہ فیصل آواری ٹاور سے ائیر پورٹ تک ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں۔پولیس کے مطابق مزید 8 لیڈی کانسٹیبلز نے اپنی تربیت مکمل کر لی ہے جبکہ دو مزید لیڈی کانسٹیبلز ان سے پہلے موٹر سائیکل چلانا سیکھ چکی ہیں۔خواتین اہلکاروں کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دینے والی لیڈی پولیس کانسٹیبل امبرین نے بتایا کہ انہوں نے خود تین سال قبل موٹر سائیکل چلانا سیکھی تھی۔انہوں نے بتایا کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکل کے بارے میں نہ صرف آگاہ کیا جاتا ہے بلکہ موٹرسائیکل چلانے کی صلاحیت رکھنے کے قابل بھی بنایا جاتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس کی 8 لیڈی کانسٹیبلز کی تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس وقت مزید 6 لیڈی کانسٹیبلز کو تربیت دی جا رہی ہے جسکے بعد انکی مجموعی تعداد 30 ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نئی آنے والی لیڈی کانسٹیبلز کو پہلے سائیکل چلانے کی تربیت دی جاتی ہے اسکے بعد 70 سی سی اور 125 موٹر سائیکل چلانا سکھایا جاتا ہے اور آخر میں 150 سی سی موٹر سائیکل پر انھیں تربیت فراہم کی جاتی ہے،امبرین کے مطابق ایک ہفتہ سے پندرہ روز میں خواتین اہلکار موٹر سائیکل چلانا سیکھ جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ٹریفک آفس کیساتھ واقع گراؤنڈ میں خواتین اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی جانب سے موٹر سائیکل کی مکمل تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکل کے لرننگ لائسنس بھی بنوا کر دیے گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ خواتین پولیس کانسٹیبل مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے موٹر سائیکل کی صلاحیت حاصل کرنے والی 8 خواتین کانسٹیبل کو سی سی سیکنڈ اور کیش انعام سے نوازا ہے۔