کراچی (نیوز ڈیسک) چین نے عالمی عدالت انصاف میں موقف اختیار کیا ہے کہ فلسطینیوں کا ظلم کیخلاف طاقت کا استعمال ایک ناقابل تنسیخ حق ہے اور اسے دہشت گردی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ چین کی وزارت خارجہ کے قانونی مشیر ما زنمن نے جمعرات کو نیدرلینڈز کے دی ہیگ میںعدالت کو بتایاہے کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے سے متعلق سماعت کے دوران فلسطینیوں کو لازماً انصاف ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف میں کافی تاخیر ہوئی ہے، لیکن اس سے انکار نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قبضہ کیے ہوئے 57سال گزر چکے ہیں اور یہ قبضہ ہے جس سے اس علاقے کی حیثیت تبدیل نہیں ہوئی۔