پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان متھیرا نے سوشل میڈیا انفلوئنسر، اداکار و میزبان مومن ثاقب کو قبرستان سے وی لاگ شیئر کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حال ہی میں مومن ثاقب نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر قبرستان سے وی لاگ انسٹااسٹوری میں شیئر کیا۔
مومن ثاقب نے اپنے فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے پیغام دیتے ہوئے کہا یہ ہمارا مستقبل ہے، انسان کی بس یہی حقیقت ہے، سب کا یہی مستقبل ہے، جو مرضی کرلو، جتنا پیسا کما لو، جتنی بھی شہرت حاصل کرلو سب کا آخری انجام یہی ہے‘۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب موت آئے گی تب جتنا بھی غرور، ناکامیاں، خوشی کے مواقع سب ختم ہوجائیں گے۔
اداکار کی انسٹااسٹوری فوراً ہی وائرل ہوگئی، اس پر میزبان متھیرا نے ردعمل دیتے ہوئے مومن ثاقب کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کی اس ویڈیو کو احمقامہ حرکت قرار دے دیا۔
متھیرا نے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کی گئی مومن ثاقب کی اس ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ معاف کیجیے گا لیکن یہ بہت احمقانہ حرکت ہے۔ ان دنوں بہت سے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، خودکشی کررہے ہیں اور خراب ذہنی صحت کا سامنا کر رہے ہیں، اس طرح کی ویڈیوز بعض اوقات انہیں اندر سے مزید توڑ دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں ہم سب کو موت کا مزہ چکھنا ہے، موت کے بارے میں بات کرنے کے بجائے ہمیں مشکل زندگی گزانے کے بہتر طریقے پر گفتگو کرنی چاہیے۔
اداکارہ جویریہ سعود نے بھی ردعمل دیتے ہوئے متھیرا کی حمایت کی اور کہا کہ ہر ایک کے اپنے عقائد اور اپنے اظہار کے طریقے ہوتے ہیں اور ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کو یہ بتانے پر توجہ دینے کے بجائے کہ کیا کرنا ہے، ہمیں اپنے آپ پر توجہ دینی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ ہماری اقدار کے مطابق ہے۔