کراچی (جنگ نیوز) آل پاکستان نیو زپیپرز سوسائٹی کی سالانہ جنرل کونسل کا اجلاس آج بروز ہفتہ 02مارچ 2024ء صبح 11بجے اے پی این ایس ہاؤس کراچی میں منعقد ہوگا۔ اے پی این ایس کے اعلامیہ کے مطابق سالانہ جنرل کونسل کے اجلاس میں اخباری صنعت کی موجودہ صورتحال پر غور اور رکن مطبوعات کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات طے کیے جائینگے اور حکومت اور پریس کے تعلقات،آزادی صحافت اور صنعت کے مستقبل جیسے معاملات پر سفارشات کو حتمی شکل دی جائیگی۔ اجلاس میں گزشتہ سال 2023-24 کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اورسال 2023ء کے سالانہ حسابات کی آڈٹ رپورٹ منظوری کیلئے پیش کی جائینگی۔ جنرل کونسل کا اجلاس سال 2024-25ء کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا انتخاب کریگا، نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی نئی مدت کیلئے اپنے عہدیداران کا انتخاب کریگی۔ جنرل کونسل کے اجلاس میں صرف فل ممبرز مطبوعات ہی شرکت کرسکیں گے۔ سیکرٹری جنرل نے فل ممبر مطبوعات کے ناشرین سے درخواست کی ہے کہ وہ کونسل کے سالانہ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔