کراچی (رفیق مانگٹ ) بھارت کے مغربی ساحل پر واقع گجرات کے شہر جام نگر میں ایشیا کے امیرترین شخص مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے کی شادی سے قبل تقریبات ، اننت امبانی کی شادی معروف کاروباری خاندان کی 29سالہ بیٹی رادھیکا مرچنٹ سے ہو رہی ہے ، شادی جولائی میں ہوگی تاہم اس سے قبل جاری تقریبات یکم مارچ سے شروع ہوگئیں جو تین مارچ تک جاری رہیں گی ، تقریبات میں اہم عالمی وملکی شخصیات شریک ہیں جن میں بل گیٹس اور میلنڈا ،زکربرگ ،ایوانکا ٹرمپ، قطری وزیراعظم ، بھوٹان کے بادشاہ شامل ، پاپ گلوکارہ ریحانہ کی پرفارمنگ،2 ارب 49کروڑ روپےکی ادائیگی، بالی ووڈ اور کرکٹ کے ستارے بھی مدعو، تقریبات کے لیے 9 صفحات پر مشتمل ڈریس کوڈ ، شادی بھارت کی چوتھی سب سے بڑی صنعت،209کھرب32ارب روپے سالانہ خرچ۔ شادی کی تقریبات میں پاپ گلوکارہ ریحانہ، پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ، بالی ووڈ میوزک جوڑی اجےاتول اور امریکی ڈیوڈ بلین شریک ہیں، مائیکروسافٹ کے بانی ارب پتی بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس بھی شریک ہیں۔میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ ، ڈزنی کے ایگر ،الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹیو سندر پچائی، بلیک راک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹولیری فنک، ایڈوب کے چیف ایگزیکٹوشانتنو نارائن، اور سام سنگ الیکٹرانکس کے ایگزیکٹو چیئرمین جے لی بھی مہمان ہیں۔ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر الرمیان،وائٹ ہاؤس کی سابق مشیر اور سابق صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، ورلڈ اکنامک فورم کی چیئرپرسن کلاؤس شواب، آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم کیون رڈ، صحافی فرید زکریا،سویڈن کے سابق وزیر اعظم کارل بِلڈٹ،قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسار نا اور ملکہ جیٹسن پیما بھی شریک ہیں۔اس تقریب کا ہندوستان کے کاروباری اور سیاسی رہنما ، کرکٹ اسٹارز کے ساتھ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات بھی حصہ ہیں،بھارتی کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، ایم ایس دھونی، روہت شرما، کے ایل راہول اور ہاردک اور کرونل پانڈیا بھی شریک ہیں۔بالی ووڈ کی نمائندگی امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریہ رائے بچن، شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اکشے کمار، ٹوئنکل کھنہ، اجے دیوگن، کاجول، سیف علی خان، کرینہ کپور خان، رنویر سنگھ، دیپیکا پڈوکون سمیت دیگر اداکار کر رہے ہیں۔ رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، وکی کوشل، کترینہ کیف اورساؤتھ انڈین سپر اسٹار رجنی کانت بھی شریک ہیں۔مہمان جام نگر تک 150فلائٹس کے ذریعے پہنچ رہے ہیں، جام نگرائیرپورٹ کو 26فروری سے چھ مارچ تک بین الاقوامی فلائٹس ہینڈل کرنے کی اجازت دی گئی۔ اندرون شہر مہمانوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ یکم سے تین مارچ تک گجرات کے جام نگر میں اننت امبانی رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل منعقد ہ تقریبات میں شریک 12سو مہمانوں کی تواضع کےلئےڈھائی ہزار پکوان پیش کیے جارہے ہیں۔ اے بی پی نیوز کے مطابق مدھیہ پردیش کے اندور سے 65 باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم کو خصوصی موقع پر مدعو کیا گیا ہے۔ ان باورچیوں کا تعلق لگژری جارڈن ہوٹل سے ہے۔ مینیو میں اندوری کھانوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ ایشیائی پکوانوں کے علاوہ پارسی ، تھائی، میکسیکن اور جاپانی پکوان خصوصی طور پر تیار کیے گئے۔ناشتے میں 75 سے زائد آپشنز شامل ہیں ، دوپہر میں 225، رات میں 275 اور نصف رات میں 85 سے زائد کھانے پیش کیے جا رہے ہیں، مہمان مڈ نائٹ مینیو سے رات 12 سے صبح 4 بجے تک لطف اندوز ہوسکیں گے اور سبزی خور مہمانوں کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ مینیو پر کوئی بھی آئٹم تین دنوں کے دوران دہرایا نہیں جائے گا۔شادی کی تقریبات امبانی کی آبائی ریاست گجرات کے جام نگر میں آئل ریفائنری کے میدان میں تین ہزار ایکڑ کے باغ میں ہورہی ہیں، بدھ کی شام قریبی دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 51ہزار افراد کو کھانا کھلایا گیا،باغ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں ایک کروڑ سے زیادہ درخت ہیں اور یہ ایشیا کا سب سے بڑا آم کا باغ ہے اور یہ امبانی کے جانوروں کے بچاؤ اور بحالی مرکز کا گھر بھی ہے، جس میں ہندوستان اور دنیا بھر سے 2 ہزاربچائے گئے جانور ہیں، جن میں چیتے، شیر، شیر، جیگوار اور ہاتھی شامل ہیں۔شادی کا مقام جام نگر کیوں؟اننت امبانی کا کہنا ہےمیری دادی کا تعلق جام نگر سے ہے۔ میں نے بچپن میں یہاں کافی وقت گزارا ہے۔ ممبئی میرا گھر ہے، لیکن میرا دل جام نگر میں ہے۔میرے والدین اور دادی نے بھی مشورہ دیا کہ ہم جام نگر کو مقام کے طور پر منتخب کریں۔اگرچہ ہندوستان میں بہت کم لوگ امبانیوں کی طرح شاندار شادیوں کے متحمل ہوسکتے ہیں، اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ہندوستان میں شادیاں مسلسل بڑی اور عظیم تر ہوتی جارہی ہیں۔ ہندوستان اب ہر سال شادیوں پر 209 کھرب32ارب روپے ( 75 بلین ڈالر) سے زیادہ خرچ کرتا ہے، یہ ملک کی چوتھی بڑی صنعت ہے۔مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریبات جاری ہیں،ان کی شادی معروف کاروباری خاندان کی 29سالہ بیٹی رادھیکا مرچنٹ سےہو رہی ہے،یکم سے تین مارچ تک گجرات کے جام نگر میں شادی سے قبل تقریبات میں 12سومہمان شریک ہیں، انڈیا ٹوڈے کے مطابق تقریب میں پاپ گلوکارہ ریحانہ نےپرفارم کیا جنہیں2 ارب 49کروڑ روپے (8سے 9ملین ڈالر) کی ادائیگی کی گئی۔ بلوم برگ کے مطابق اس سے پہلے 2018 میں ہندوستان کے سب سے امیر مکیش امبانی نے اپنی بیٹی ایشا کی شادی کو بھارت کی سب سے مہنگی شادی بنا دیا تھا ،اس پر27ارب70کروڑ روپے (سو ملین ڈالر) کے اخراجات ہوئے ، ٹائمز میگزین کے مطابق اس تقریب میں بیونسے نے پرفارم کیا اور امبانی خاندان کی طرف سے ایک ارب11کروڑ روپے (تین سے چار ملین ڈالر) ادا کیے گئے ، مہمانوں نے اٹلی کے لیک کومو کے ساتھ ممبئی اور راجستھان میں استقبالیہ میں شرکت کی۔ فوربز کے مطابق، ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین امبانی ایشیا کے سب سے امیر آدمی ہیں، جن کی دولت کا تخمینہ 315کھرب 77ارب روپے (114 ارب ڈالر) ہے۔