• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL، بارش لاہور قلندر کیلئے رحمت بن گئی، 6 میچوں کی ناکام ٹیم کو پہلا پوائنٹ مل گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ نائن میں ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے دونوں میچ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکے اور ایک بھی گیند پھینکی نہ جاسکی۔ٹورنامنٹ میں مسلسل چھ میچ ہارنے والی لاہور قلندرز کے لئےبارش رحمت بن گئی اور اسے پہلا پوائنٹ مل گیا اس پوائنٹ کے باوجود لاہور قلندرز کا پی ایس ایل کا سفر مایوس کن انداز میں ختم ہوگیا۔لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا گیا ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد کا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا۔اتوار کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کھیلا جائے گا۔جمعے کی بارش کے بعد ہفتے کو کراچی میں دھوپ نکل آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔دونوں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ملتان نے چھ میں سے پانچ میچ جیتے ہیں وہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔کوئٹہ نے چھ میں سے چار میچ جیتے ہیں ایک ہارا ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے اس کے9پوائنٹس ہیں۔کراچی کی ٹیم اس وقت مشکل میں دکھائی دے رہی ہے اس نے پانچ میں سے دو میچ جیتے ہیں اسے تین میچوں میں شکست ہوئی ہے۔راولپنڈی میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول میچ میں شدید بارش کی وجہ سے ٹاس تک نہ ہو سکا۔جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد آؤٹ فیلڈ پر کورز بچھا دیئے گئے ، بارش رکنے کے بعد اسے ہٹا دیا گیا تھا جس سے میچ شروع ہونے کی امید پیدا ہوئی ،مگر دوبارہ بارش کے بعد میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس میچ کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ایونٹ میں پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا جہاں اس سے قبل قلندرز کو لگاتار چھ میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شیڈول میچ بھی ممکن نہ ہو سکا۔مسلسل بارش کے ساتھ ساتھ گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے امپائرز نے دونوں کپتانوں کی رضامندی سے میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔میچ منسوخ ہونے کے باعث گلیڈی ایٹرز اور یونائیٹڈ کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔کراچی میں سلطان اور کراچی کنگز کی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔ کراچی کنگز کے لوئس ڈوپلائے کے سوا تمام کھلاڑی پریکٹس میں موجوتھے۔فوڈ پوائزننگ کا شکار لوئس ڈوپلائے کو ہفتے کی شام تک اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ فل سیمنز نے بھی ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی۔ویسٹ انڈین کیرون پولارڈ اتوارکے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے،ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ وہ مکیش انبانی کے بیٹے کی شادی کے لئے ممبئی گئے ہیں۔کیرون پولارڈ ارب پتی تاجرکے بیٹے کی شادی سے قبل ہونے والی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے 4 روز ممبئی میں قیام کریں گے، جس کی وجہ سے وہ اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔کراچی کنگز کے بیٹر کیرون پولارڈ چھٹی لے کر بھارت گئے ہیں، وہ راولپنڈی میں کراچی کنگز کو جوائن کریں گے۔پولارڈ انبانی کی ٹیم ممبئی انڈینز سے کھیلتے ہیں۔پنڈی میں پیر کو اسلام آباد یونائیٹیڈ اورپشاور زلمی کا میچ شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید