• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کھیلوں کے ڈھانچے میں بہتر تبدیلی کی ضرورت ہے، میڈلسٹ

کراچی ( نصر اقبال، شکیل یامین کانگا،اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز میں میڈلز حاصل کرنے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی اکثریت نے ملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جب تک انفراسٹریکچر میں بہتری نہیں لائی جائے گی، ہم ایشیا اور عالمی سطح پر اچھے نتائج حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہوں گے، پیراکی میں چھ گولد میڈ جیتنے والے پاکستان آرمی کے پیراک احمد درانی نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں سہولتوں کی کمی کے باعث ہمارے کھلاڑی عالمی افق پر ناکام ہوجاتے ہیں، بہترین کھلاڑی پیرا ک حمزہ آصف نے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتر تبدیلی لائی جائے، پیرا کی میں سندھ کے لئے چار گولڈ میڈل جیتنے والی حریم ملک نے کہا ہے کہ انہوں نے میڈل کے لئے سخت محنت کی، جس کا پھل مل گیا، چار میڈلز صو بے کے لئے بڑا اعزاز ہے جس پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ اس کھیل میں حکومت خواتین کھلاڑیوں کی سر پرستی کرے توہم عالمی اور ایشیائی سطح پر بھی میڈل جیت سکتے ہیں،200 میٹرز بیک اسٹروک میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان آرمی کی بسمہ خان امریکا سے ایونٹ میں شرکت کے لئے کراچی آئی ہیں، انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ گیمز کے ملتوی ہونے سے مایوسی ہوئی تھی۔ 18ویں مرتبہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے انٹر نیشنل ریسلر محمد انعام بٹ نے کہا کہ خوشی ہے کہ ایک بار پھر قومی اعزاز جیتا، پاکستان میں کئی باصلاحیت ریسلر ز ہیں ان کو بہتر ٹریننگ کی ضرورت ہے،انہوں نے قومی گیمز کے انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ خواہش ہے کہ سندھ سے بھی اچھے ریسلر سامنے آئیں۔ میں انہیں ٹریننگ اور گروم کرنے کے لئے تیار ہوں۔ ٹیبل ٹینس میں خواتین کا گولد میڈل جیتنے والی حور فواد نے کہا کہ یہ صرف میرا ہی نہیں صوبے کے عوام کے لئے بھی باعث فخر ہے،مردوں کے ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل جیتنے والی سندھ ٹیبل ٹینس ٹیم کے کھلاڑیوں ارحم بن فرخ، احیل شاہ، محمد عباس، خاتون پیراک آئزہ درانی نے گیمز کے انتظامات کو تسلی بخش قراردیا۔

اسپورٹس سے مزید