کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری اور ضلعی انفارمیشن سیکرٹری نسیم جاوید ہزارہ نے چیئرمین پشتونخوامیپ محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کو انسانی حقوق اور آئین و قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں بزرگ قوم دوست رہنما کے گھر پر ہلہ بولنا غیرجمہوری، غیرقانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ حالیہ الیکشن میں جس طرح مداخلت کرکے دھاندلی کی گئی اور اسمبلی کی نشستوں کی نیلامی کی گئی اس سے پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی ۔محمود اچکزئی نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران اسی بدنامی اور دھاندلی کی نشاندہی کی تھی۔ انہیں سچ بولنے اور الیکشن میں دھاندلی سے پردہ اٹھانے کی پاداش میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والے ظلم و ناانصافی کے خلاف بی این پی نے ہر فورم پر آواز اٹھائی اور یہ آواز اس وقت تک خاموش نہیں ہوگی جب تک بلوچستانی عوام اور اس ملک میں محکوم قوموں کے حق حاکمیت اور حق ملکیت کو تسلیم نہیں کیا جاتا۔