اسلام آباد ہائی کورٹ نے فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف کیس میں ایم ڈبلیو ایم کی درخواست سے اعتراضات دور کر دیے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر اعتراضات دور کر تے ہوئے اسے کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزار ایم ڈبلیو ایم کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کے بعد 14 دنوں کے اندر ویب سائٹ پر فارمز اپ لوڈ کرنا ہوتا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پہلے اعتراض دور کر لیتے ہیں پھر دیکھتے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے وکلاء ایمان زینب مزاری اور عبدالہادی چٹھہ پیش ہوئے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔