کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، سینئر معاونین سیکرٹریز معلم سعید خان کاکڑ ، جمشید خان دوتانی ، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ، مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی ، اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ ، آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی و دیگر ضلعی ایگزیکٹیوزنے مشترکہ بیان میں پارٹی چیئرمین اور پاکستان کے صدارتی انتخابات میں نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی کے گھر کا گھیراؤ ومحاصرہ کرنے کے ناروا اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 3مارچ اتوار کی شب کو ضلعی انتظامیہ نے فورسز کے ہمراہ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کے گھر کا گھیراؤ اور محاصرہ کیا اور گن مین کواُٹھا کر ساتھ لے گئے ۔ اس کے بعد پارٹی کے دیگر رہنماؤں وکارکنوں کے علمی درسگاہ ، تجارتی مراکز پر چھاپے مارے گئے اور بے بنیاد حیلے وبہانوں کے ذریعے انہیں بند کردیا گیا ۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قسم کے ناروا ،گھناؤنے ، اوچھے ہتھکنڈوں پر مبنی ناروا اقدامات کسی صورت نیک شگون نہیں اب بھی پارٹی رہنماؤں وکارکنوں کے مراکز پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جسے فوری ترک کیا جائے ۔