کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی نے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لئے میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کی شرح کو کم کرکے 50 روپے اور زیادہ سے زیادہ 200 روپے کردیا ہے تاہم میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس ریکوری کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے،پانی کی چوری میں واٹر بورڈ، صنعتکار اور شہری ملوث ہیں، منوڑہ میں دو ٹریٹمنٹ پلانٹ لگا رہے ہیں جس سے پانچ لاکھ گیلن پانی ملے گا،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تاجر اور صنعتکار برادری ہمارے ساتھ کام کرے، شہر میں اس وقت سات ہائینڈرینٹ چل رہے ہیں، پانی کے ٹینکرز کو رجسٹر کیا جا رہا ہے، اب تک تین ہزار ٹینکرز رجسٹر کرچکے ہیں، 2017-18 ء میں سب سوائل سے زیر زمین کے پانی کے 34 لائسنس جاری کئے گئے تھے اس کا مقصد زیر زمین پانی استعمال کرنا تھا لیکن بعض لوگوں نے اس کا غلط فائدہ اٹھایا، ان خیالات کا اظہار انھوں نےجمعہ کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔