کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نےپی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے من گھڑت الزامات پر کہاہے کہ 2018ء میں آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے رُکن قومی و صوبائی اسمبلیبننے والے نااہل لوگ کس منہ سے ایم کیو ایم پر الزامات لگا رہے ہیں؟ سانحہ9مئی سانحہ مشرقی پاکستان جیسا بدترین واقعہ اور دشمنانِ پاکستان کو خوش کرنے کیلئے تھا، مداحوں کے ایک حلقے کو سیاسی جماعت کا نام دینا سیاست کے ساتھ بھونڈا مذاق ہے، پی ٹی آئی ملک مخالف عناصر سے اپنا دامن کو صاف کرے پھر دوسروں پر تنقید کرے، ریکارڈ پر موجود ہے کہ آج جن کے خِلاف معصوم عوام کو ورغلا کر اپنے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کل تک ان ہی کے گن گائے جارہے تھے، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی والوں کیساتھ کئے گئے 1100ارب کے جھوٹے وعدے کی کوئی ایک دستاویز عوام کو دکھانے کیلئے موجود نہیں،پچھلے دس سالوں سے کے پی کے اور ساڑھے تین سال قومی حکومت میں سوائے گھڑی چوری کے کوئی ایک قابل قدر کام پی ٹی آئی گنوا دے، 2024ء کے عام انتخابات میں ریاست کو گھر کی باندی بنا کے رکھنے کا خواب چکناچور ہو گیا، ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے ملکی بقاء و سالمیت کو اپنی قیادت پر فوقیت دیکر محب وطن ہونے کی وہ مثال قائم کی جس کی مثال پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نہیں ملتی، پی ٹی آئی کے نام نہاد رہنماء میں نہ مانوں کی رٹ لگانا چھوڑ کر پاکستان کی ریاست، معیشت اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔