کوئٹہ (پ ر)جے یو آئی پاکستان کی صوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس صوبائی امیر مولانا عبد المالک کی صدارت میں ہوا جس میں سیاسی اور جماعتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی کے فکر و کردار کی روشنی میں اپنے مقاصد اور نصب العین کی جانب واپس لانے کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔اجلاس میں قرار دیا گیا کہ مذہبی تشخص، علماء کی قیادت اور باکردار نمائندگی کے لئے اکابر کی جانب سے تشکیل دی گئی جماعت کو الیکٹیلبز کے ہاتھوں ٹینڈر کرنے اور نام نہاد سیاسی قوت کے حصول کے لئے جماعت کے فکر اور کاز سے انحراف کے نتیجے میں یہ صورتحال سامنے آئی ہے کہ جماعت کا شیرازہ بکھر گیا اور سیاسی میدان میں قوت کا حصول بھی خواب بن کر رہ گیا ان حالات میں علماء اور جماعت کے ہر درد دل رکھنے والے ساتھی کا فرض بنتا ہے کہ وہ جماعت کی قیادت کو غلطیوں پر اصرار کی روش کو ترک کرنے اور جماعت کو دوبارہ اپنے اصل ٹریک پر واپس لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔اجلاس میں کہا گیا کہ بدھ 24 اپریل کو اسلام آباد میں جماعت کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں بلوچستان کی صوبائی رابطہ کمیٹی کے تمام ارکان اپنی شرکت یقینی بنائیں گے ۔اجلاس میں 30 جنوری کو سبی میں ہونے والے بم دھماکے میں شہید جمعیت طلباء اسلام کے ساتھی عبدالواسع کھوسہ کی شہادت پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا گیا۔