اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 14ویں اور دوسری بار صدر منتخب ہونے والے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
آصفہ بھٹو کو خاتونِ اول بنانے کے فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا۔
ایک پوسٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تصدیق شدہ پیج پر نومنتخب صدر آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو کی تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں آصفہ بھٹو، اپنی والدہ اور سابقہ وزیر اعظم بینظیر بھٹو سے ہوبہو مشابہت رکھتی ہیں۔
اس طرح والد کے پہلو میں چلتے دیکھ کر پی پی کے جیالوں سمیت، سوشل میڈیا صارفین کے منہ سے آصفہ بھٹو کیلئے مزید کئی خطاب جاری ہوگئے۔
کسی صارف نے آصفہ بھٹو کو نائب صدر قرار دیا ہے تو کسی نے بینظیر کا عکس کہہ دیا۔
اس تصویر کے کمنٹ باکس میں پی پی کے جیالوں کا بینظیر بھٹو کو یاد کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ آصفہ بھٹو اپنی والدہ کی ڈبل کاپی نظر آ رہی ہیں۔
کسی کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور آصفہ بھٹو والد اور بیٹی میں دوستی کی ایک بہترین مثال پیش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ انتخابات سے قبل بھی متعدد بار آصف علی زرداری کے ہمراہ آصفہ بھٹو ہی نظر آتی تھیں۔
آصفہ بھٹو نے بھائی بلاول کیلئے بھی انتخابی مہم کو اپنے جوشِ خطابت سے کامیاب بنایا۔
آصفہ بھٹو کی سیاسی منظر پر موجودگی کو ناصرف پی پی جیالے بلکہ بینظیر بھٹو کے چاہنے والے بھی بے حد سراہتے ہیں۔