کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے جاری کردہ بیان میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کی فاٹا کے طلباء و طالبات کے ساتھ امتیازی سلوک کی مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے فاٹا کے طلباء اپنے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج پر مجبور ہوچکے ہیں ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں فاٹا کے طلباء کے ریزرو سیٹس کی بحالی کیلئے بارہا یونیورسٹی انتظامیہ سے بات چیت کرنے ، انہیں اپنے مطالبات ، مشکلات سے آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور مجبوراً رمضان المبارک میں طلباء سڑک پر احتجاجی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ طلباء علم کے حصول کیلئے احتجاجی دھرنے دیئے بیٹھے ہیں تمام علم دوست ، جمہوریت پسند ، قوتوں ، طلباء تنظیموں کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ ان طلباء کیلئے اپنی آواز بلند کریں ۔ بیان میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ فاٹا کے طلباء کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے اور انہیں علمی حقوق کی فراہمی کیلئے بلا تاخیر اقدامات اٹھائیں جائے ۔ فاٹا کے طلباء کے درج ذیل مطالبات ہیں جس کی پشتونخواسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مکمل حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور بالخصوص پنجاب کی صوبائی حکومت علم دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ان مطالبات کو تسلیم کرکے طلباء کے قیمتی وقت کو مزید ضائع ہونے سے بچائیں۔