کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ہمیں مشرقی پاکستان سے سبق سیکھنا چاہئے،پاکستان تحریک انصاف کو دیوار سے لگادیا گیاہے،سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کچھ معاملات پر مزید بات چیت ہونا ہے،یکم جولائی سے گیس کی قیمتیں بڑھانا ہوں گی،سینئر صحافی اعزاز سید نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات خرابی کی طرف جارہے ہیں، پاکستان کی سرزمین پر ہر حملے کا کوئی نہ کوئی کنکشن افغانستان سے نکلتا ہے، افغانستان میں طالبان حکومت نے پاکستان کیخلاف کارروائیاں کرنے والے عناصر کو تحفظ دیا ہوا ہے،تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ مختلف لوگوں سے سوال کریں گے تو وہ اپنی اپنی آراء دیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ پچھلے دو سال سے جو کچھ کیا جارہا ہے کچھ بھی کرلیتے یہی کیا جانا تھا، پاکستان تحریک انصاف کو دیوار سے لگادیا گیاہے، نو مئی کے بیانیہ کا اطلاق نو فروری کو کیا گیا، آٹھ فروری کے مینڈیٹ کو کچلا گیا ہے، مخصوص نشستوں سے ہمیں محروم کیا گیا، ہمیں سینیٹ میں بھی دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، سینیٹ میں ہمارے بہت سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں گے۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بلے باز کے ساتھ اتحاد کیا گیا تو اسے شیخوپورہ سے اٹھالیا گیا، جس شخص نے ہمارے ساتھ معاہدہ کیا وہ مکر گیا، الیکشن کمیشن نے ہمارا انتخابی نشان واپس لے کر بہت برا کیا، پشاور ہائیکورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ کیا تو سپریم کورٹ نے رات ساڑھے گیارہ بجے فیصلہ کر کے ہمارے پر کاٹ دیئے، پی ٹی آئی کے نمائندوں کو انتخابی نشان میں پورا جہیز کا سامان دیا گیا۔