کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبے نے کیٹ مڈلٹن کے پیٹ کی سرجری کے بعد منظر عام سے غائب ہونے پر سوشل میڈیا پر مختلف قسم کی افواہیں پھیلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جسٹن ویلبے نے حال ہی میں ایک ٹیلی فونک انٹرویو کے دوران کیٹ مڈلٹن کی صحت کے بارے میں سوشل میڈیا پر ہونے والی قیاس آرائیوں سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’میرا خیال ہے کہ ہم سازشوں کے جنون میں مبتلا ہیں اور خبروں کی چکا چوند میں پھنسے ہوئے لوگوں کا ہمیں احساس ہی نہیں ہے‘۔
اُنہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انسان کس عہدے پر ہے، لوگوں کو بیمار ہونے، آپریشن کروانے کی اور ایسے ہر دوسرے دن کچھ نہ کچھ ثابت کرنے کے مطالبے کا سامنا کیے بغیر اپنی زندگی سکون سے گزارنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
آرچ بشپ نے کہا کہ یہ سوشل میڈیا ہے جس نے یوں سازشی تھیوریز کے ذریعے ہر قسم کے لوگوں کے لیے فساد برپا کیا ہے، یہ انتہائی غیر صحت بخش ہے اور یہ صرف پرانے زمانے میں گاؤں میں لاگئی جانے والی گپ شپ کی طرح ہے جو اب صرف چند سیکنڈوں میں پوری دنیا میں پہنچا دی جاتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی گفتگو کو روکنا ہوگا کیونکہ اس طرح کسی کے بارے میں بھی گپ شپ کرنا غلط ہے۔
واضح رہے کہ جنوری میں برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے پیٹ کی سرجری ہونے کے بعد دو ماہ تک منظر عام سے غائب رہنے کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے مختلف قسم کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔