• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو میں ایک عددہے جو پانچ کے بعد آتا ہے، نصف جس کے تین (۳) ہوتے ہیں اور اسے فارسی میں شَش ، عربی میں سِتّہ اور انگریزی میں سِکس (six)کہتے ہیں۔ اسے اردو میں دو طرح سے لکھا جاتا ہے : چھ اور چَھے۔ اردو لغت بورڈ کی لغت میں ان دونوں املوں یعنی چھ اور چھے کی اسناد موجود ہیں۔ لیکن تلفظ اس کا عام طور پر یائے لین ہی سے یعنی ’’چَھے ‘‘ کیا جاتا ہے۔ 

بلکہ عبدالستار صدیقی جیسے ماہر ِ لسانیات اور ماہر ِ زباں نے اپنی کتاب مقالات ِ صدیقی میں لکھا ہے کہ ’’پانچ کے بعد کے عدد کو لوگ عام طور پر چھہ مختفی ’’ہ‘‘ کے ساتھ لکھتے ہیں حالانکہ ا س لفظ کا تلفظ ’’چھے‘‘ ہے ۔ پس کوئی وجہ نہیں کہ اسی طرح نہ لکھا جائے ‘‘(لکھنؤ ایڈیشن، صفحہ۱۰)۔

جبکہ ’’چھ‘‘ سے مراد عام طور پر حرف ِ تہجی لیا جاتا ہے جیسے بھ، پھ، تھ، ٹھ،جھ اور چھ۔ یعنی چھ ایک حرف ہے جس سے چھتری جیسے الفاظ شروع ہوتے ہیں۔ جہاں تک اسے ’’چھہ‘‘لکھنے کا سوال ہے یعنی چھ اور پھر ’’ہ‘‘کا اضافہ ،توبقول رشید حسن خاں صاحب کے، ’’چھہ‘‘ لکھنے سے اس کا تلفظ ہائے مختفی سے کیا جائے تو اسے ’’چھا‘‘ پڑھنا پڑے گا۔رشید صاحب نے اپنی کتاب اردو املامیں اس عددکے املا پر خاصی روشنی ڈالی ہے اور اس کا درست املا چھے بتایا ہے (صفحہ۴۵۹۔۴۵۷) ۔ ادارۂ فروغ ِ قومی زبان کے اردو املا پر منعقدہ اُس قومی سیمینار نے بھی ’’چھے ‘‘ کو درست قرار دیا ہے جس میں ساٹھ (۶۰) کے قریب ماہرین شریک تھے ۔

گویا درست املا چھ یا چھہ نہیں چھے ہے لیکن کچھ لوگ بغیر کسی دلیل اور کسی حوالے کے’’ چھ‘‘ لکھنے پر مصر ہیں حالانکہ زبان کے معاملات میں کسی فردِ واحد کی بلا دلیل رائے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ۔ اردو لغت بورڈ کی لغت میں چھ بھی درج ہے اور چھے بھی، اور دونوں کی اسناد بھی موجود ہیں۔ لیکن لغت کون دیکھے؟ اور حوالہ کیوں د ے ؟ بس ہماری طالب علمانہ گزارش یہ ہے کہ بغیر کسی دلیل یا ثبوت کے کسی املا کو غلط یا درست نہ کہا جائے۔ 

اتنا تو ضرور ہے کہ کم از کم ’’چھے‘‘ کو غلط نہ کہا جائے کیونکہ اس عاجز طالب علم نے بعض اہلِ زبان سے اس لفظ کا تلفظ یائے لین سے یعنی ’’چَھے ‘‘سنا ہے اور اہلِ علم کو اسی طرح لکھتے ہوئے بھی پایا ہے۔ اسی طرح چھ کو بھی غلط نہ کہا جائے کیونکہ یہ بہرحال رائج رہا ہے اور اس کی سند بھی موجود ہے۔ ہاں ترجیح کی بات ہو تو رائج تلفظ اور اہل علم کی اکثریتی رائے کے پیش نظرچھے کو تر جیح حاصل ہے۔