• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی سے تکمیل پاکستان ہوگی، چیلنجز کا سامنا قرارداد پاکستان کی روشنی میں کرنا ہوگا، ناز شاہ، زاہد جتوئی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) ناز شاہ ایم پی نے یوم قرار داد پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بانیان پاکستان نے 23مارچ کو قرار داد پاکستان پیش کر کے علیحدہ وطن کا خواب دیا ،تکمیل پاکستان کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو گا، بھارتی قبضے کے خلاف برسرپیکار کشمیری 23 مارچ 1940کی تاریخی قرارداد سے تحریک حاصل کرتے ہیں تنازع کشمیر کے حل کیلئے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ناگزیر ہے۔ انہوں نے فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے باشندے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں، عالمی برادری اس کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریڈفورڈ قونصلیٹ میں یوم پاکستان کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ بریڈفورڈ قونصلیٹ میں تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محبوب حسین نے حاصل کی۔ قونصلیٹ کی عمارت کے باہر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی، قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم فضا میں بلند کیا۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے پُرجوش انداز میں نعرے لگائے گئے ۔پرچم کشائی کی تقریب میں کونسلرز اور مختلف طبقہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر قونصلیٹ کے قونصلر اتاشی سرفراز احمد نے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی نے اپنے خطاب میں بانیان پاکستان اور مسلح افواج کی قربانیوں اور جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ یوم پاکستان کے طور پر منانے کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان جن چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے انہیں قیام پاکستان کے مقاصد کی روشنی میں طے کرنے کا اہتمام کیا جائے، ہم جغرافیائی طور پر تو آزاد ہو گئے مگر بدقسمتی سے ہم نے بحیثیت مجموعی قوم کی ترقی اور رہنمائی کا فریضہ فراموش کر دیا۔ ہمیں اجتماعی طور پر پاکستان میں ان تصورات اور روایات کو فروغ دینا ہوگا جس مقصد کیلئے ہم نے وطن حاصل کیا تھا، انہوں نے کہا کہ تکمیل پاکستان کشمیر کی آزادی کے ساتھ ہی ممکن ہو گا، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔

یورپ سے سے مزید