دی ہیگ( راجہ فاروق حیدر) ہالینڈ میں سفارت خانہ پاکستان نے یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہالینڈ کے مختلف علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ قومی ترانے کی دھن پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ سفیرِ پاکستان نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کو اس پر مسرت موقع پر مبارکباد دی اور اس یادگار دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کی تاریخ اور جغرافیائی لحاظ سے اس کی علاقائی اور عالمی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ہالینڈ کے تعلقات اور گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کردہ تقریبات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ بھی دہرایا۔ انہوں نے کشمیر میں غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جانب سے حقِ خوداردیت کی منصفانہ جدوجہد کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ سفیرِ پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور ہالینڈ کے تعلقات کے فروغ میں اپنا تعمیری کردارجاری رکھیں۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کیلئے دعاؤں سے ہوا۔ یومِ پاکستان کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پاکستانی ثقافتی و رثہ اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی فنون کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔