لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پتنگ بازی نہ رکنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈور پھرنے سے تڑپتے بچے کی ویڈیو دیکھ کر ان کا دل کانپ اٹھا،جرائم نہ رکنا افسوسناک ہے،کیس رجسٹرڈ کرنا کافی نہیں ملز مان کو سزا ہونی چاہیے، انہوں نے امن وامان کے متعلق اجلاس میں دھاتی تار بنانے،بیچنے اور خریدنے پر کریک ڈاؤن کاحکم دیدیا۔خلاف ورزی پرمتعلقہ پولیس حکام کیخلاف بھی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ،وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ آئی جی پولیس نے بریفنگ دی۔ مریم نوازشریف نے کرائم پر روزانہ رپورٹ دینے اور پولیس افسروں کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ نے دھاتی تار کے بارے میں زیروٹالرنس کی پالیسی اپنانے ، اسلحہ کی نمائش روکنے کیلئےقانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کاحکم دیاہے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بڑے منشیات فروشوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت کے ساتھ کیس بنائے جائیں او رتعلیمی ادارو ں میں منشیات کی آن لائن ترسیل روکنے کا قانونی میکنزم وضع کرنے کی ضرورت کاجائزہ لیا جائے۔