گریٹر مانچسٹر بولٹن (ابرار حسین/ ہارون مرزا) گریٹر مانچسٹر میں یوم پاکستان انتہائی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پاکستان قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر نے قومی ترانے کی دھن میں سبز سلامی ہلالی پرچم لہرایا۔ یوم پاکستان کی اس تقریب میں مانچسٹر اور گردونواح کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنمائوں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں اور قونصلیٹ مانچسٹر کے حکام نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز صوفی عبدالخالق کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ قونصل جنرل کے ٹریڈ آفیسر چوہدری محمد اختر نے صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ قونصل جنرل طارق وزیر نے اندرون اور بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور کہا کہ23مارچ1940ء کا وہ دن جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ ملک بنانے کا فیصلہ کیا۔ ملک تو بن گیا مگر اتنے سال گزرنے کے باوجود کبھی سوچا کہ ہم نے کیا کھویا، کیا پایا یا انہوں نے کیا موجودہ دور میں پاکستان جن معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے، اس پر پوری قوم کو چاہئے کہ وہ اپنے تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنے وطن کی مضبوطی اور نیک نامی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ افضل خان نے پوری قوم کو رمضان المبارک اور یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جس طرف بھی نظریں دوڑایں ظلم ہورہا ہے، خواہ وہ فلسطین ہو یا کشمیر یا دنیا کا کوئی بھی خطہ ہو اس کو دیکھ کر ہم کمزور پڑ جاتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ اس کی بنیادی وجہ کیا ہے۔ دوسروں کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے کی بجائے اس پر غور کرنا چاہئے تاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اس کا حل تلاش کیا جاسکے۔ رکن پارلیمنٹ اینڈریو نے یوم پاکستان کی مباکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج مانچسٹر کی فضا میں قونصل جنرل نے جب پرچم لہرایا اور اس کے دو رنگ سفید اور سبز گرین دیکھ کر خوشی محسوس کررہا تھا انہوں نے کہا کہ میں دوبار پاکستان کا دورہ کرچکا ہوں۔ پاکستان دنیا کا ایک خوب صورت ترین ملک ہے اور وہاں کے لوگ انتہائی دوستانہ ماحول میں رہ کر اجنبی لوگوں کی مہمان نوازی کرتے ہیں، اس کو میں کبھی بھول نہیں سکتا۔ ویلفیئر اتاشی مصباح نورین نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم اور تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ 23مارچ بنیاد پاکستان کا دن ہے۔ ہمیں مقاصد پاکستان کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی برادری میں اپنے اپنے تشخص اور وقار کیلئے تنگ نظری سے نکل کر ایک قابل فخر مقام حاصل کرنا چاہئے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔ تقریب میں عامر رضا، محمد سعید، عبدالرحمن، محمد امجد، ادریس احمد، عاصمہ صدف، عثمان شاہد، پروین اختر، عتیق الرحمن، کشمیری رہنما رحمت آزاد احمد چشتی، شیخ شبیر حسین، سابق لارڈ میئر مانچسٹر، نعیم الحسن، شہباز سرور، عرفان احمد، سابق لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان، محبوب الٰہی بٹ، چوہدری محمد اقبال، ریاض احمد کے علاوہ مسیح برادری کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔